| بھارت اور اومان، میزبان ملائیشیا وچائنیز تائپے کی ہاکی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔ فوٹو: فائل |
ایپوہ: نواں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ ہفتے سے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں شروع ہوگا، پاکستانی ٹیم کی پہلی آزمائش جاپان کیخلاف ہوگی، بھارت اور اومان جبکہ میزبان ملائیشیا اور چائنیز تائپے بھی آمنے سامنے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگ میں وکٹری اسٹینڈ پر جگہ نہ بنانے کے سبب ورلڈکپ کیلیے کوالیفائی کرنے کا آسان موقع گنوا بیٹھی، گرین شرٹس کواب ایشیا کپ جیتنے کی صورت میں ہی میگا ایونٹ میں شرکت کا پروانہ جاری ہوسکتا ہے۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں ہفتے سے شروع ہونے والے ایشیائی مقابلوں میں 8 ٹیمیں شریک ہیں، انھیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، اے میں پاکستان، میزبان ملائیشیا، جاپان اور چائینز تائپے کے ساتھ شامل ہے، گروپ بی میں بھارت، کوریا، اومان اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے، افتتاحی روز پاکستان جاپان سے میچ کھیلے گا، بھارت اور اومان جبکہ میزبان ملائیشیا اور چائنیز تا ئپے کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔

پاک بھارت ٹیموں نے3،3 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، دفاعی چیمپئن کوریا نے 2 بار ٹرافی اٹھائی۔ کوئی بڑا اپ سیٹ نہ ہوا تو گروپ اے سے پاکستان اور ملائیشیا جبکہ بی سے بھارت اور کوریا کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہیں، اسی مرحلہ سے گرین شرٹس کا کڑا امتحان شروع ہوگا، ارجنٹائن نے پان امریکن کپ جیت کر کورین ٹیم کی ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے راہ ہموار کردی تھی، مثالی فٹنس اور اسٹیمنا کے حامل پلیئرز بے خوف ہوکر حریفوں پر ٹوٹیں گے۔
دوسری طرف بھارت بھی پاکستان جیسی صورتحال سے دوچار ہے، بلو شرٹس کو بھی ٹائٹل فتح سے کچھ کم درکار نہیں، گرین شرٹس کے ملائیشیا سے مقابلہ بھی آسان ہونے کی توقع نہیں کی جاسکتی، میزبان ٹیم نے سال کے آغاز میں سلطان اذلان شاہ کپ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فیصلہ کن معرکے تک رسائی حاصل کی تھی جہاں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ہوم کراؤڈ کے سامنے ہمیشہ شیر دل نظر آنے والے ملائیشین کسی حریف کو بھی مشکلات میں ڈالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار ایشیا کپ 1989 میں جیتا تھا،2009 کے گذشتہ ایونٹ میں گرین شرٹس کو فائنل میں کوریا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
No comments:
Post a Comment